logoختم نبوت

قادیانی مطبوعات بچوں کو پڑھانے کا حکم - (مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ)

استفتاء:

قادیان ضلع گرد اسپور پنجاب سے جو قاعدہ یسرنا القرآن چھپ کر شائع ہوا ہے، وہ بچوں کو پڑھانا کیسا ہے؟

از باسنی ناگور مارواڑمرسلہ محمد غیاث الدین کمہاروی 30 صفر 45ھ


الجواب:

مذہب قادیانی رکھنے والے یقیناً اجماعاً بلا شک وشبہہ کافر ومرتدین ہیں(1)۔ایسے لوگوں کی کتابیں بچوں کو پڑھانا نا جائز ہے اگر چہ ان کتابوں میں انکی گمراہی کی باتیں نہ ہوں مگر مصنف کی عزت دل میں پیدا ہوگی اور انکی باتیں قبول کرنیکا مادہ پیدا ہوگا۔ واللہ تعالیٰ اعلم

حاشیہ

(1)قادیانی مرزا غلام احمد قادیانی کے پیرو کو کہتے ہیں، یہ شخص کھلا ہوا کافر ومرتد تھا۔ اس نے اپنی نبوت کا دعویٰ کیا۔ اور انبیاء کرام sym-3خصوصاً حضرت عیسیٰ sym-9 اور ان کی والدہ ماجدہ طیبہ طاہرہ حضرت مریم کی شان رفیع وجلیل میں طرح طرح کی گستاخیاں کی، بیہودہ کلمات استعمال کئے، اس شخص نے اپنی نبوت کا دعویٰ کر کے ضروریات دین کا انکار کیا ہے، نیز انبیاء کرام کی تکذیب وتوہین کی اور قرآن عظیم کا بھی انکار کیا ہے، اس کے مختصر عقائد واباطیل یہ ہیں:

1۔ ازالہ اوہام ص 533میں مرزا غلام احمد قادیانی لکھتا ہے۔’’خدائے تعالیٰ نے براہین احمدیہ، میں اس عاجز کا نام امتی بھی رکھا اور نبی بھی۔‘‘

2۔ اسی کتاب کے ص ۶۸۸ میں ہے۔ ’’حضرت رسول خدا ﷺ کے الہام ووحی غلط نکلی تھیں۔‘‘

3۔ اسی کے ص 26، 28 میں لکھتا ہے۔ ’’قرآن شریف میں گندگی گالیاں بھری ہیں اور قرآن عظیم سخت زبان کے طریق کواستعمال کر رہا ہے۔‘‘

4۔ حضور اقدس ﷺ کی شان اقدس میں جو آیتیں تھیں۔ مرزا جی نے انہیں اپنے اوپر چسپاں کر لیا۔ چنانچہ اپنی کتاب انجام ص 28 میں لکھتا ہے: ’’وما ارسلنٰک الا رحمۃ للعالمین‘‘ تجھ کو (غلام احمد کو) تمام جہاں کی رحمت کے واسطے روانہ کیا۔ اور آیت کریمہ ’’ومبشرا برسول ياتی من بعد اسمہ احمد‘‘ سے اس نے اپنی ذات مراد لی۔

5۔ اربعین نمبر ۲ ص 13 پر لکھا، کامل مہدی نہ موسیٰ تھا نہ عیسیٰ، حضرت عیسیٰ کی نبوت کا انکار کرتے ہوئے، اعجاز احمدی کے ص 13 پر لکھا ’’یہود تو حضرت علی کے معاملہ میں اور انکی پیشن گوئیوں کے بارے میں ایسے قومی اعتراض رکھتے ہیں کہ ہم بھی جواب میں حیران ہیں۔ بغیر اس کے کہ یہ کہہ دیں کہ ضرور عیسیٰ نبی ہے۔ کیونکہ قرآن نے اس کو نبی قرار دیا ہے۔ اور کوئی دلیل ان کی نبوت پر قائم نہیں ہو سکتی۔ بلکہ ابطال نبوت پر کئی دلائل قائم ہیں۔‘‘ اسی کتاب کے صفحہ 14 پر حضرت عیسیٰ sym-9 کی نبوت کا انکار کرتے ہوئے لکھا ہے: ’’عیسائی تو انکی خدائی کو روتے ہیں مگر یہاں نبوت بھی ان کی ثابت نہیں۔‘‘

اس طرح کے توہین آمیز کلمات اور انکار ضروریات دین سے مرزا جی کی کتابیں بھری ہیں۔ بانی مدرسہ دیوبند مولوی قاسم نانوتوی نے تو حضور اقدس ﷺ کے بعد نیا نبی پیدا ہونے کو ممکن بتایا اور مرزا احمد قادیانی نے اپنی نبوت کا اعلان کر کے حضور ﷺ کے بعد نیا نبی پیدا ہونے کو واقع تسلیم کر لیا۔ اس کے متبعین! اسے علی الاعلان نبی مانتے اور اس کی نبوت کا اعتقاد رکھتے ہیں۔ لہٰذا مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کے متبعین (قادیانی کہنے والے) ضروریات دین کا انکار کرنے، انبیاء کرام کی شان میں گستاخی کرنے، اور قرآن کریم کا انکار کرنے کی وجہ سے یقیناً اجماعاً بلا شک وشبہہ کافر ومرتد ہیں۔ ایسے کہ مَنْ شَكَّ فِیْ كُفْرِہٖ وَعَذَابِہٖ فَقَدْ کَفَرَ جو ان کی کفریات پر مطلع ہو کر ان کے کافر ومرتد ہونے اور عذاب دیئے جانے میں شک کرے وہ بھی کافر ہے۔ ایسے عقیدہ والوں کی کتابیں بچوں کو پڑھانا ان کے عقیدہ وعمل کے فساد کا باعث ہے۔ معروف محدث امام ابن سیرین sym-4 کے پاس دو بد مذہب نے آ کر عرض کی کہ ہم آپ سے ایک حدیث بیان کرنا چاہتے ہیں آپ نے منع فرما دیا۔ انہوں نے کہا تو پھر آپ ہی کوئی حدیث ہمیں پڑھ کر سنائیے۔ فرمایا یہ بھی نہیں۔ یا تو تم لوگ یہاں سے چلے جاؤ یا میں چلا جاؤں گا وہ دونوں نکل گئے، لوگوں نے امام موصوف سے وجہ پوچھی تو آپ نے فرمایا: اِنِّیْ خَشِیْتُ اَنْ یَّقْرَاَ عَلَیَّ اٰیَۃً فَیْحَرَّ فَاِنَّھَا فَیَقِرَّ ذٰلِکَ فِیْ قَلْبِیْمجھے ڈر ہوا کہ کہیں آیت پڑھ کر اسکے معنی میں کچھ تحریف کر دیں اور میرے دل میں وہ بات گھر کر جائے۔ جب ایک امام وقت اور محدث عصر کا یہ حال تو ہمہ شما کا کیا ٹھکانہ، وہ بھی بچوں کا۔

لہٰذا مذہب قادیانی رکھنے والوں کی کتابوں کا بچوں کو پڑھانا جائز نہیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم

حاشیہ ختم شد

(فتاوی امجدیہ ،جلد:2،ج:2،ص:109تا 111،مکتبہ رضویہ آرام باغ روڈ کراچی)

Netsol OnlinePowered by